کوئنس لینڈ آسٹریلیا کے گورنر اور منسٹر کی ریونت ریڈی سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے آسٹریلیا کے کوئنس لینڈ کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر اور کوئنس لینڈ کے وفد نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات اور اسپورٹس یونیورسٹی‘ ٹریڈ اور دیگر شعبہ جات میں یادداشت مفاہمت کا جائزہ لیا۔ کوئنس لینڈ کے نمائندوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کرتے ہوئے معاہدات کرنے کا یقین دلایا۔ کوئن لینڈ کی گورنر ڈاکٹر جی نیٹی اور کوئنس لینڈ کے منسٹر برائے فینانس، ٹریڈ و ایمپلائمنٹ ہان راسلین نے چیف منسٹر سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے حکومت کی جانب سے صنعتوں کے قیام کیلئے دی جانے والی رعایتوں اور سہولتوں سے واقف کرایا۔ کوئنس لینڈ کا اعلیٰ سطحی وفد اِن دنوں ریاست کے دورہ پر ہے اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے شہر کے اطراف مختلف شعبہ جات کی ترقی اور عالمی اداروں کے قیام کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کوئنس لینڈ کے وفد نے مختلف شعبہ جات بالخصوص مائننگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کوئنس لینڈ کے وفد نے کل ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کی تھی۔1