محکمہ جات کی حکومت کو رپورٹ، رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی آمدنی برقرار
حیدرآباد: گزشتہ سال کی طرح جاریہ سال بھی کورونا وباء اور تحدیدات کے پیش نظر ریاست کی آمدنی متاثر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ نائیٹ کرفیو اور دیگر تحدیدات کے نتیجہ میں ریاست کو حاصل ہونے والی آمدنی متاثر ہونے کے اندیشے کے تحت حکومت نے مختلف محکمہ جات سے رپورٹ طلب کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ پانچ مہینوں سے ریونیو کلکشن کی صورتحال بہتر رہی۔ تاہم نائیٹ کرفیو اور دیگر نئی تحدیدات کے نتیجہ میں ریسٹورینٹس ، ہوٹلس، سنیما تھیٹرس اور دیگر تجارتی اداروں کے اوقات میں کمی ہوچکی ہے ۔ نائیٹ کرفیو کے نتیجہ میں شام سے ہی تجارتی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں ۔ عہدیداروں کو اندیشہ ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران جی ایس ٹی کی وصولی میں کمی آئے گی ۔ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی آمدنی فی الوقت متاثر نہیں ہوئی ہے ۔ روزانہ 35 کروڑ کی آمدنی ہورہی ہے ۔ عہدیداروں کو اندیشہ ہے کہ محکمہ اکسائز کی آمدنی پر منفی اثر پڑے گا۔