۔154 نئے پازیٹیو کیس۔ تمام مریض مقامی
حیدرآباد 7 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کا سلسلہ جاری ہے اور روز سینکڑوں افراد اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ آج اتوار کو ایک دن میں کورونا سے 154 نئے لوگ متاثر ہوئے ہیں اور یہ تما م مقامی ہیں۔ اس طرح اب تک ریاست میں جملہ 3202 مقامی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ آج کے متاثرین میں کوئی مائیگرنٹ یا بیرون ملک سے واپس آنے والا فرد شامل نہیںہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ صحت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں ریاست میں کورونا کی وجہ سے 14 اموات درج ہوئی ہیں۔ کورونا کی وباء پھوٹ پڑنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں یہ سب سے زیادہ اموات درج ہوئی ہیں۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اب تک جملہ 448 مائیگرنٹس اور بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس طرح ریاست میں جملہ کورونا متاثرین کی تعداد 3650 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں 14 اموات کے بعد ریاست میں جملہ مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 137 ہوگئی ہے ۔ آج جو 154 نئے کورونا مریض ہوئے ہیں ان میں 132 کا تعلق گریٹر حیدرآباد سے بتایا گیا ہے جبکہ رنگا ریڈی ضلع سے 12 مریضوں کا تعلق ہے ۔ اسی طرح میڑچل سے تین اور یادادری سے دو مریضوں کا پتہ چلا ہے ۔ سدی پیٹ ‘ محبوب آباد ‘ سنگاریڈی ‘ ناگرکرنول اور کریمنگر میں ایک ایک فرد کے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ علاوہ ازیں اب تک جملہ 1742 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھروںکو جانے کی اجازت دیدی گئی ہے جبکہ 1771 افراد ہنوز دواخانوں میں زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ حکومت کے بلیٹن میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاط کو ملحوظ رکھیں۔ کہا گیا ہے کہ 16 مئی سے لاک ڈاون میں نرمی کے بعد سے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ عوام کی کثیر تعداد کی نقل و حرکت شروع ہوگئی ہے ۔ لوگ ریاست بھر میں سفر کر رہے ہیں تاہم اس میں احتیاط کو پورا نہیں کیا جا رہا ہے ۔ ماسک نہیں پہنی جا رہی ہے اور نہ ہی سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جا رہا ہے ۔ ان عوامل کا خاص خیال رکھتے ہوئے احتیاط برتی جانی چاہئے ۔