کورونا سے متاثر حاملہ خاتون کی نارمل ڈیلوری

   

گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل بھینسہ میں تاحال کورونا سے متاثر 7 حاملہ خواتین کی ڈیلوریز
حیدرآباد :۔ کورونا کے ڈر سے اپنے ہی اپنوں کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں ۔ موت واقع ہونے پر آخری رسومات تو دور آخری دیدار کے لیے بھی نہیں پہونچ رہے ہیں ۔ مگر ڈاکٹرس اور طبی عملہ قابل فخر ہے جو اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگی بچانے میں مصروف ہیں ۔ کورونا سے متاثر ایک حاملہ خاتون کی ڈاکٹرس نے نارمل ڈیلیوری کرائی ۔ اس وقت ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہے ۔ یہ واقعہ ضلع نرمل کے بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں پیش آیا تاحال اس ہاسپٹل میں کورونا سے متاثر 7 حاملہ خواتین کی نارمل ڈیلیوری کی گئی ہیں ۔ اسمبلی حلقہ مدھول سے تعلق رکھنے والی 7 حاملہ خواتین مختلف موقعوں پر کورونا سے متاثر ہوئیں ۔ ڈاکٹرس کو اس کی اطلاع ملنے کے بعد بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل میں کورونا سے متاثرہ حاملہ خواتین کے لیے علحدہ خصوصی رومس کا اہتمام کیا گیا اور انہیں وہاں رکھ کر مکمل طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی نارمل ڈیلیوری کی گئی ۔ کورونا سے متاثرہ حاملہ خواتین کے ساتھ اسٹاف نرسیس تروینی ، راجیشوری ، شلیجہ ، سنیتا ، منجو شاہ ، سورنا نے پوری طرح انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا ۔ نازک موقع پر ان کے ساتھ رہیں انہیں مکمل طبی امداد فراہم کرنے کے علاوہ ان کا حوصلہ بڑھایا ۔ جس کی مقامی عوام ستائش کررہے ہیں ۔۔