ہوبارٹ: آئرلینڈ کے آل راؤنڈر جارج ڈوکریل نے کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود ٹی 20 ورلڈ کپ میچ کے تحت اتوار کو سری لنکا کے خلاف میچ میں حصہ لیا۔ کرکٹ آئرلینڈ نے اطلاع دی کہ ڈوکریل ’’ممکنہ طور پر متاثر‘‘ ہیں اور آئی سی سی اور قومی ضابطوں کے مطابق ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے موجودہ قوانین کے مطابق کوئی کھلاڑی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد بھی میچ میں حصہ لے سکتا ہے ، البتہ کھلاڑی کو میچ کیلئے باقی ٹیم سے دور رہنا ہو گا ۔ آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ ڈوکریل میں کورونا کی ہلکی علامات ہیں، حالانکہ ٹیم کے طبی عملے نے انہیں ٹورنمنٹ اور حکومتی ضوابط کے مطابق سنبھالا ہے ، تاکہ وہ اتوار کو بیلریو اوول میں سری لنکا کے خلاف میچ میں کھیل سکیں۔ آئی سی سی کے چیف میڈیکل آفیسر، مخالف ٹیم اورا سٹیڈیم کے عملے کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 129 رنز کا ہدف دیا جسے سری لنکا نے 15 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈوکریل نے میچ میں 16 گیندوں پر 14 رنز بنائے ۔ آئرلینڈ اپنا اگلا سوپر 12 میچ 28 اکتوبر کو ملبرن میں افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔