کورونا وائرس سے جرمنی میں کساد بازاری کے اندیشے :ماہر اقتصادیات

   

برلن ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جرمن ماہر اقتصادیات اور انسٹیٹیوٹ فار اکنامک ریسرچ کے سربراہ کلینز فوئسٹ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس جرمنی میں کسادبازاری کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر معاشی بحران بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ منگل کے روز جرمن نشریاتی ادارے ایس ڈبلیو آر سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ جرمن حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے درست اقدامات کیے، مگر اس سلسلے میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

مالٹا کے اٹلی سے تمام سفری رابطے منقطع
مالٹا ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مالٹا نے اٹلی کے ساتھ تمام تر سفری رابطے روکنے کا اعلان کیا ہے۔ والیٹا حکومت کی جانب سے یہ اعلان ملک میں کورونا وائرس کے چوتھے مریض کی تشخیص کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم روبرٹ ابیلا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مالٹا اور اٹلی کے درمیان تمام پروازیں بند کی جا رہی ہیں، جب کہ مالٹا اور اطالوی جزیرے سِسلی کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر چلنے والی کشتی سروس کو بھی فقط سامان اور ادویات کی ترسیل تک محدود بنایا جا رہا ہے۔