نئی دہلی: یوگا گرو بابا رام دیو کی دوابنانے و الی کمپنی پتا انجلی آیوروید نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کی علاج کی دوا تیار کرلی ہے۔ اس دوا کے ذریعہ 7 دن کے اندر مریض صحت یاب ہوجائے گا۔ اس دورا کا نام کورونیل اور سوا سری بتایا گیا ہے۔ تاہم وزارت آیوش نے اس دعوی کو مسترد کردیا ہے اور دوا کیلئے اشتہارات روکنے کی خواہش کی ہے اور اس میں استعمال کی جانے والی تمام اجزاء کی تفصیلات طلب کی ہیں۔حکومت نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کوئی بھی کمپنی حکومت کی منظوری کے بغیر کورونا وائر س کے علاج کے سلسلہ میں کسی بھی دوا کی تشہیرنہیں کرسکتی۔ بابا رام دیو نے کہا کہ کہ اس دوا کے ذریعہ صد فیصد کوویڈ۔19 کا مریض ٹھیک ہوجائے گا۔
بابا رام دیو اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ساری دنیا کورونا وائرس کی دوا یا واکسین کے انتظار میں ہے۔ ہم اس بات کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کررہے ہیں کہ پہلی آیورویدک نے اس کی دوا تیار کرلی ہے۔ اس دوا کی تیاری میں پتا انجلی عہدیداروں کے ساتھ نمس کا تعاون رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج کورونیل اور سواسری نامی دوا متعارف کروارہے ہیں۔ ہم نے ملک کے مختلف شہروں میں 280 مریضوں پر اس کی جانچ کئے ہیں جس میں صد فیصد اس کے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔اب ہم کوویڈ۔19 پر قابو پالیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (نمس) یونیورسٹی جے پور ڈاکٹر بلبیر سنگھ تومار اور دیگر تمام ڈاکٹرس اور سائنسدانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس دوا کی تیاری میں مدد کی۔ واضح رہے کہ عالمی صحت تنظیم(ڈبلیو ایچ او) نے حال میں کہا تھا کہ دنیا بھر میں کئی دوا بنانے والی کمپنیاں کوویڈ۔ 19 کے علاج کیلئے دوائیں تیار کررہی ہیں لیکن کسی دوا میں بھی اس کا یقینی علاج نہیں پایاگیا۔