کورونا پر قابوپانے کیلئے آندھراپردیش میں مختلف تحدیدات

   

ماسک کے عدم استعمال پر 100 روپئے جرمانہ، دفاتر اور عوامی مقامات پر سختی سے عمل آوری
حیدرآباد: حکومت آندھراپردیش نے کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے عوام کیلئے بعض تحدیدات کا اعلان کیا ہے۔ چیف سکریٹری کی جانب سے جی او آر ٹی 161 جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسیس میں اضافہ کے باوجود عوام کی جانب سے گائیڈ لائینس پر عمل نہ کرنے کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ حکومت نے فوری اثرت کے ساتھ تمام اضلاع میں سختی سے قواعد پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ جی او کے مطابق ہر شخص کے لئے ماسک کا استعمال لازمی رہے گا اور ماسک کے عدم استعمال کی صورت میں 100 روپئے چالان کیا جائے گا ۔ پولیس کو اس سلسلہ میں چالان کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ ماسک ناک اور منہ کو ڈھانکتے ہوئے استعمال کرنا چاہئے ۔ حکومت نے سماجی فاصلہ کے تحت عوامی مقامات تجارتی اداروں اور دفاتر میں پانچ فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ عوامی مقامات کے علاوہ تھیٹرس اور دیگر ہال میں جہاں نشستوں کا انتظام ہے ، وہاں پر ماسک اور سماجی دوری کی پابندی کی جائے۔ تجارتی اداروں اور دفاتر میں تھرمل اسکریننگ اور سینیٹائزیشن کا انتظام کیا جائے ۔ آندھراپردیش میں تمام سوئمنگ پولس کو فوری اثر کے ساتھ بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹرس احکامات پر عمل آوری کے مجاز ہوں گے۔