کورونا کا خوف ‘ بیٹے نے ماں کو بس اسٹیشن پر چھوڑ دیا

   

وجئے واڑہ ۔ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ میں ایک شخص نے اپنی 80 سالہ ماں کو بس اسٹیشن پر چھوڑ دیا جب اس کی ماں کورونا وائرس پازیٹیو پائی گئی ۔ یہ واقعہ اے پی کے ضلع گنٹور میں پیش آیا ۔ تاخیر سے اطلاعات کے بموجب جمعرات کو ماچرلہ ٹاون میں یہ واقعہ پیش آیا تھا جو جمعہ کو منظر عام پر آیا جب پولیس نے بیٹے کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ۔ رپورٹ کے مطابق خاتون گوا میں اپنی بیٹی کے پاس سے واپس ہوئی تھی جس کے بعد اس میں کورونا کی علامات دکھائی دیں۔ اس کے فرزند وینکٹیشور راو نے اسے دواخانہ سے رجوع کیا جہاں وہ کورونا پازیٹیو پائی گئی ۔ وینکٹیشور راو نے ماں کو بس اسٹیشن پر بٹھایا اور ابھی آنے کا کہہ کر چلا گیا ۔ کافی دیر تک اس کی واپسی نہ ہونے پر مقامی عوام نے خاتون سے معلومات حاصل کیں اور پولیس کو مطلع کیا ۔ محکمہ صحت کے حکام نے خاتون کو سرکاری دواخانہ کے آئیسولیشن وارڈ منتقل کیا ۔ بیٹے نے بتایا کہ دوسرے افراد خانہ کے متاثر ہونے کے خوف سے اس نے ایسا کیا تھا ۔