کورونا کی نئی لہر کا جائزہ لینے ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل

   

وزیر صحت کی صدارت میں جائزہ اجلاس ۔ صورتحال پر قریبی نظر رکھنے کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد : حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ سے پھیلنے والے کورونا کی نئی لہر کا جائزہ لینے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر برطانیہ سے مختلف ممالک تک پھیل رہی ہے ۔ ریاست میں پہلے ہی اس وباء سے نمٹنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ماہرین کی کمیٹی میں ڈائرکٹر سی سی ایم بی راکیش مشرا ، ہیلت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کروناکر ریڈی ، آئی آئی سی ٹی کے ڈائرکٹر چندر شیکھر ، نمس کے پروفیسر گنگا دھر اور ایچ ایم آر آئی کے سی ای او بالاجی شامل ہیں۔ حکومت اس معاملہ میں انتہائی محتاط ہے اور اس نے کمیٹی سے کہا کہ وہ نئے وائرس کا جائزہ لیں اور بیرونی شہریوں خاص طور پر برطانیہ سے مسافرین کی آمد کے بعد ریاست میں اس وائرس کے پھیلنے کے امکانات کا جائزہ لیں۔ کہا گیا ہے کہ عہدیداروں نے صورتحال سے نمٹنے موثر اقدامات کئے ہیں۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے آج ماہرین کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا اور نئے وائرس پر تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں ان اندیشوں کا جائزہ لیا گیا کہ وائرس پھیل سکتا ہے اور کورونا کی مشکلات میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں ، ماہرین اور خود وزیر صحت کو ہدایت دی ہے کہ وہ صورتحال پر قریبی نظر رکھیں۔ یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ مختلف معائنے کرتے ہوئے وائرس کے امکانی پھیلاؤ کو روکنے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کسی بھی طرح کی غفلت نہیں برتی جانی چاہئے ۔ ریاست میں کورونا بحران سے نمٹنے حکومت کے اقدامات اور نئے سال میں ویکسین دینے کی تیاریوں کے دوران نئے وائرس کے اندیشوں نے حکومت اور عہدیداروں کو چوکس کردیا ہے۔