کوروناوائرس سے مرنے والے طبی عملہ کو شہید کا درجہ

   

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا اعلان
بڑی ایرلائنس کے کاروبار میں زبردست کمی
تہران ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹتے ہوئے مرنے والے ڈاکٹرس اور نرسیس کو مہلوک فوجیوں کی طرح شہید کا درجہ دیا جائے گا۔ ایران میں کورونا وائرس سے مزید 54 افراد فوت ہوگئے ہیں اس طرح ایران میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 291 ہوگئی ہے۔ ایران میں اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ہر دن اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے میتھنال استعمال کرنے کے باعث بھی بعض لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں اب تک 8600 سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ امریکہ کے اٹلانٹا سے موصولہ اطلاع کے مطابق ایرلائنس نے اپنے فلائیٹس کو محدود کردیا ہے جبکہ کئی پروازیں اس وباء کے پھیلنے کے پیش نظر منسوخ کی جارہی ہیں۔ ڈیلٹا ایرلائنس نے بتایا کہ سفر کی مانگ میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاع میں بتایا گیا ہیکہ ملک میں اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے اور یہ تعداد بڑھ کر 16 ہوگئی ہے۔