حیدرآباد : 4 ستمبر ( سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ حضورآباد کی نمائدگی کرنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اسمبلی اجلاس کے دوران ان کے مبینہ غیر اخلاقی اور متنازعہ رویہ پر تلنگانہ اسمبلی کی اخلاقیات کمیٹی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردی ہے اور 5 ستمبر تک تحریری طور پر اپنا موقف اور صفائی پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ کمیٹی نے واضح انتباہ دیا ہے کہ اگر مقررہ وقت کے اندر تسلی بخش جواب اور وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف سنگین تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ اپنے تیکھے بیانات اور متنازعہ کارروائیوں کی وجہ سے پہلے ہی خبرو ں کی سرخیوں میں رہنے والے کوشک ریڈی کو نوٹس ملنے کے بعد ریاست کے سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل مچ گئی ہے ۔ واضح رہے کہ رواں سال 29مارچ کو منعقدہ اسمبلی اجلاس کے دوران ایوان میں شدید سیاسی ہنگامہ آرائی اور حکمران و اپوزیشن اراکین کے درمیان لفظی جنگ کے دوران کوشک ریڈی کے رویہ پر ایوان کے آداب ، قواعد اور وقار کے خلاف ہونے کی تحریری شکایات موصول ہوئی تھی ۔ اسمبلی کے متعلقہ عہدیداروں اور حکمران جماعت نے اس معاملہ کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کو کارروائی کیلئے اخلاقیات کمیٹی کے سپرد کردیا تھا ۔ اس سلسلہ میں 29 اگست کو ایوان کی اخلاقیات کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کوشک ریڈی کے خلاف موصول ہونے والی شکایات ، ویڈیو ریکارڈس اور شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد انہیں نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔2