کوشک ریڈی کے خلاف کانگریس مہیلا قائدین کی اسپیکر اسمبلی سے نمائندگی

   

خواتین اور سٹلرس کے خلاف بیانات پر رکنیت سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ، کے سی آر موقف واضح کریں
حیدرآباد ۔13۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کی مہیلا قائدین نے اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار سے ملاقات کی اور بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی اپیل کی۔ ویمنس کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی صدرنشین ڈی شوبھا رانی کی قیادت میں مہیلا قائدین آریہ ویشیا کارپوریشن کی صدرنشین کے سجاتا کارپوریٹرس، بھوانی ریڈی ، سندھیا ریڈی اور دوسروں نے اسپیکر اسمبلی کو یادداشت حوالے کی جس میں کہا گیا ہے کہ کوشک ریڈی نے خواتین کی توہین کرتے ہوئے بیانات جاری کئے ہیں ۔ مہیلا قائدین کا کہنا تھا کہ کوشک ریڈی نے ساتھی ارکان اسمبلی کو ساڑی اور چوڑیاں پہننے کا مشورہ دیتے ہوئے خواتین کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین کی آبادی 1.5 کروڑ سے زائد ہے اور کوشک ریڈی کے بیانات سے خواتین کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ خواتین کی توہین کرنے والے رکن اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کیلئے اسپیکر کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ شوبھا رانی نے کہا کہ دستور پر حلف لیتے ہوئے تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک کا رکن اسمبلی نے عہد کیا تھا لیکن اپنے بیانات کے ذریعہ خواتین کی توہین کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی نے تلنگانہ میں موجود آندھرا سٹلرس کے خلاف بھی بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ کوشک ریڈی کے بیان پر وضاحت کریں کہ آیا پارٹی کا موقف یہی ہے۔ شوبھا رانی نے کہا کہ اگر کے سی آر اور ہریش راؤ جواب نہ دیں تو یہ سمجھا جائے گا کہ پارٹی نے کوشک ریڈی کے ذریعہ خواتین اور سٹلرس کے خلاف بیانات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوشک ریڈی کے بیانات سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں تو کے سی آر کو چاہئے کہ فوری طور پر کوشک ریڈی کو پارٹی سے معطل کریں۔ 1

اسپیکر جی پرساد کمار نے خواتین کے وفد کو تیقن دیا کہ وہ رکن اسمبلی کے بیانات کا جائزہ لیں گے۔ 1