کولکاتا کے دو کھلاڑی کورونا پازیٹو، بنگلور کیساتھ مقابلہ منسوخ

   

ورون اور سندیپ کے علاوہ بعض انتظامی عہدیدار کورونا کا شکار

ممبئی : ہندوستان میں کورونا قہر کے درمیان اب آئی پی ایل میں بھی کورونا کا حملہ دیکھنے کو ملا ہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے دو کھلاڑیوں کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے خلاف ہونے والے انڈین پریمیر لیگ کے 14ویں سیزن کا 30واں میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ کورونا کی زد میں آنے والے کولکاتا کے کھلاڑیوں کے نام ہیں ورون چکرورتی اور سندیپ واریر۔ اے این آئی کی ایک خبر کے مطابق بی سی سی آئی افسر کا کہنا ہے کہ ’’ورون اور سندیپ کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں اور اس سے آر سی بی خیمہ میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ آج ہونے والے کھیل کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘‘یہ پہلا موقع نہیں ہے جب آئی پی ایل 2021 کے بایو ببل کے اندر کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہو۔ اس سے پہلے دہلی کیپٹلز کے اکشر پٹیل، کولکاتا کے نتیش رانا اور وانکھیڑے اسٹیڈیم کے کچھ گراوؤنڈ اسٹاف کورونا پازیٹو ہو چکے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں تیزی سے پھیل رہے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کل 3417 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ مجموعی طور پر 368147 لوگ اس مہلک وائرس کے شکار ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کے کھلاڑی کے علاوہ بعض عہدیدار بھی بیمار پڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم اورآفیشلز کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب کورونا کیسز کے سامنے آنے کے ساتھ ہی آج کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور رائل چیلنجر بنگلور کے درمیان میچ ری شیڈول کردیا گیا۔