کولکاتہ میں کل ہند معاشی و تجارتی اجلاس کاانعقاد

   

Ferty9 Clinic

مالیات کی فراہمی، اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری، اسلامی مالیاتی نظام پر ملک بھر سے ماہرین معیشت کی شرکت متوقع

کولکاتہ: ملک میں معاشی بیداری پیدا کرنے اور معاشی طور پر لوگوں کو مستحکم کرنے کے لئے قائم ادارہ ’’معیشت،ممبئی ‘‘ نے اپنا دسواں کل ہند معاشی و تجارتی اجلاس کولکاتہ کے کلا مندر میں 14 نومبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’’مغربی بنگال انڈسٹریز میں مسائل و امکانات ‘‘ پر منعقد ہونے والے مذکورہ اجلاس میں جہاں ممبئی بنگلور دہلی سے ماہرین شریک ہو رہے ہیں وہیں بہار جھارکھنڈ اڑیسہ کے ساتھ مغربی بنگال کے تاجروں کی بھی شرکت متوقع ہے۔ادارے کے سربراہ دانش ریاض نے یو این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’پچھلی بار بھی ہم نے کولکاتہ میں تجارتی اجلاس کا انعقاد کیا تھا اور اس کے اچھے نتائج بھی برآمد ہوئے تھے آئندہ ہفتے منعقد ہونے والا اجلاس سابقہ اجلاس کی دوسری کڑی ہے لیکن اسے خاص انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے،کیونکہ مردوں کے ساتھ خواتین انٹرپرینیور بھی اس اجلاس میں شریک ہورہی ہیں‘‘۔دانش ریاض نے مزید کہا کہ ’’ایک ایسے وقت میں جبکہ تجارت و معیشت کی حالت خستہ ہے اس طرح کے تجارتی اجلاس کی ضرورت اس لئے پڑتی ہے تاکہ سرجوڑ کر دیکھا جائے کہ اب مواقع کہاں کہاں ہیں۔مختلف ریاستوں سے جب لوگ شریک ہوتے ہیں تو انہیں دوسری ریاستوں میں تجارتی سرگرمیوں سے بھی آگاہی ہوتی ہے جبکہ آپسی ربط و تعلق بھی استوار ہوتا ہے۔اس دفعہ بھی ہم نے مالیات کی فراہمی، اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری، اسلامی مالیاتی نظام، کے ساتھ مختلف جنریشن سے چلے آرہے تجارت کو مزید فروغ دینے کی صورت جیسے موضوعات پر ماہرین کو مدعو کیا ہے۔واضح رہے کہ کولکاتہ کے کلا مندر میں 14نومبر بروز اتوار منعقد ہونے والے اس اجلاس میں رجسٹریشن کے ذریعہ داخلہ کی کارروائی رکھی گئی ہے تاکہ حاضرین کو کسی طرح کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔معیشت کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ’’اسلامی مالیاتی نظام پر گفتگو کے لئے جہاں سہولت مائکروفائنانس کے وائس پریذیڈنٹ ارشد اجمل تشریف لا رہے ہیں وہیں بنگلور سے راشد شریف شریک ہورہے ہیں۔اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنی آکٹاویئر کے سی ای او اسلم خان کے ساتھ ایروٹیک کے مالک محمد حبیب اللہ بھی شرکت کر رہے ہیں۔جبکہ خواتین کی بڑی تعداد اپنے پروڈکٹ کے ساتھ شریک ہو رہی ہیں۔