حیدرآباد۔29 ستمبر(سیاست نیوز) کوویکسین ٹیکہ حاصل کرنے والوں کو بیرونی ملک کے سفر کے لئے مزید انتظار کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے ماہرین نے بھارت بائیو ٹیک کو روانہ کردہ مکتوب میں چند استفسار کئے ہیں جس کا جواب روانہ کرنے کیلئے کوویکسین تیار کرنے والی کمپنی بھارت بائیو ٹیک کو وقت دیا گیا ہے۔ بھارت بائیو ٹیک نے گذشتہ دنوں تیسرے مرحلہ کے تجربات بھی مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے رپورٹ جاری کی تھی لیکن اب بھی دنیا بھر کے کئی ممالک کی جانب سے کوویکسین کا ٹیکہ لگانے والوں کے سرٹیفیکیٹ کو قبول نہیں کیا جا رہاہے۔ کوویکسین ٹیکہ حاصل کرنے والے طلبہ ‘ تاجرین ‘ سیاحوں کے علاوہ ایسے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جو بیرونی ملک روانہ ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ کوویکسین کے سلسلہ میں عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے ہنگامی استعمال کی اجازت دیئے جانے کے بعد حکومت ہند کی جانب سے ملک بھر میں کووی شیلڈ کے ساتھ کوویکسین ٹیکہ دینے کے اقدامات کئے گئے لیکن مجموعی اعتبار سے بیرونی ممالک کے سفر کی منصوبہ بندی کرنے والوں نے کوویکسین کا ٹیکہ لینے سے اجتناب کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی کئی لوگوں کو کو ویکسین کا ٹیکہ دیا گیا ہے جو اب مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ بھارت بائیو ٹیک کے ذرائع نے بتایا کہ عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے موصول ہونے والا مکتوب کوئی شبہات پر مشتمل نہیں ہے بلکہ کسی بھی ویکسین کی تیاری اور تجربہ کے علاوہ دیگر مراحل کے دوران اس طرح کی مراسلت معمول کی بات ہے لیکن اس بات کی توثیق کی جا رہی ہے کہ عالمی ادارۂ صحت کو مکتوب کے جواب اور عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے اسے قبول کئے جانے کے بعد ہی کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے کوویکسین کا ٹیکہ حاصل کرنے والوں کو بیرونی سفر کی اجازت حاصل ہوسکتی ہے اسی لئے کوویکسین حاصل کرنے والے افراد جو بیرون ملک سفر کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں مزید کچھ وقت کیلئے انتظار کرنا پڑے گا۔م