کوٹا نیلما پر اسد الدین اویسی کے ریمارکس غیر اخلاقی: مہیش کمار گوڑ

   

خاتون قائد سے معافی مانگنے کا مطالبہ، خواتین کے وقار کو مجروح نہ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد، 20 نومبر ]سیاست نیوز[صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس پارٹی کی ریاستی جنرل سکریٹری و انچارج صنعت نگر ڈاکٹر کوٹا نیلما کے خلاف رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی جانب سے کیے گئے ریمارکس کو غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ آج جاری کردہ ایک صحافتی بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسد الدین اویسی فوری طور پر اپنے متنازعہ ریمارکس واپس لیں اور ڈاکٹر کوٹا نیلما سے غیر مشروط معافی مانگ کر خواتین کے تئیں اپنے احترام و وقار کو برقرار رکھیں۔مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اتر پردیش میں اسد الدین اویسی کی سیاسی سرگرمیوں پر راجیہ سبھا کے رکن پون کھیرا نے طنزیہ انداز میں تنقید کی تھی، جس کے جواب میں اویسی کو چاہیے تھا کہ وہ پون کھیرا پر یا ان کی سیاست پر جوابی تنقید کرتے ، لیکن اس کے بجائے ان کی اہلیہ ڈاکٹر کوٹا نیلما کو موضوع بحث بنانا انتہائی افسوسناک اور سیاسی پستی کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹر کوٹا نیلما ایک باوقار خاتون، دانشور اور فعال سیاسی قائد ہیں جنہوں نے عوامی خدمت اور اپنی محنت سے سیاست میں الگ شناخت بنائی ہے ، اس لیے ان کی کردار کشی یا تضحیک ناقابل قبول ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے مزید کہا کہ اسد الدین اویسی کو پون کھیرا پر تنقید کرنے ، کانگریس پارٹی سے سوال کرنے اور ہماری پالیسیوں سے اختلاف کرنے کا پورا جمہوری حق حاصل ہے ، تاہم سیاسی اختلافات اور رنجش نکالنے کے لیے کسی خاتون کی عزت و نفس کو مجروح کرنا کسی بھی مہذب سیاسی کلچر کی عکاسی نہیں کرتا۔-2/m/b