معافی نہ مانگنے پر دارالسلام تک احتجاج کی وارننگ: سید خالد سیف اللہ
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کانگریس کمیٹی نے صدر سید خالد سیف اللہ کی قیادت میں آج پرانے شہر کے لال دروازہ پر واقع نہرو مجسمہ کے پاس مجلس کے صدر و حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خلاف احتجاج کرکے ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ یہ احتجاج اسد الدین اویسی کی جانب سے سینئر کانگریس قائد ڈاکٹر کوٹا نیلیما کے خلاف مبینہ تضحیک آمیز اور نازیبا تبصروں کے خلاف منظم کیا گیا تھا۔ احتجاج میں چارمینار اسمبلی انچارج ایڈوکیٹ مجیب اللہ شریف، یاقوت پورہ انچارج کے روی راج، چندرائن گٹہ انچارج بویا ناگیش سمیت ڈی سی سی کے قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی اور اسد اویسی سے فوری غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔اس احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے سید خالد سیف اللہ نے انتباہ دیا کہ اگر اسد الدین اویسی نے ڈاکٹر کوٹا نیلیما سے معافی نہیں مانگی تو کانگریس پرامن اور جمہوری احتجاج مزید تیز کرکے دارالسلام تک لے جائے گی کیونکہ خواتین کی عزت و وقار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قومی و ریاستی ویمن کمیشن سے اس کا سخت نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔-2