ایم بی بی ایس کی 50 نشستیں دستیاب ، جاریہ سال سے ہی داخلے دئیے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نیشنل میڈیکل کمیشن نے کوڑنگل گورنمنٹ میڈیکل کالج کو منظوری دے دی ہے ۔ جس کے بعد 50 ایم بی بی ایس نشستوں کے ساتھ کالج شروع کرنے کو گرین سگنل مل گیا ہے ۔ منگل کو سرکاری طور پر اس کی اطلاع دی گئی ہے ۔ جاریہ طبی تعلیم سال سے ہی اس گورنمنٹ میڈیکل کالج میں طلبہ کو داخلے دئیے جائیں گے ۔ کوڑنگل میڈیکل کالج کی منظوری کے ساتھ ہی تلنگانہ میں سرکاری میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 35 تک پہونچ گئی ہے ۔ ساتھ ہی ایم بی بی ایس نشستوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے گذشتہ سال 8 اور جاریہ سال ایک جملہ 9 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی منظوریاں حاصل کرنے میں اہم رول ادا کرنے پر محکمہ صحت کے سکریٹری کرشنیا ، ڈائرکٹر طبی تعلیم ڈاکٹر نریندر کمار کی ستائش کی ہے ۔ ریاستی حکومت نے 200 بستروں پر مشتمل تانڈور ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کو ٹیچنگ ہاسپٹل کے طور پر بتاتے ہوئے کوڑنگل میں گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کرنے کی منظوری حاصل کی ہے ۔ ( ایم سی ایچ ) ہاسپٹل کے بیڈس کی تعداد اس میں ملائی جاتی ہے تو جملہ بیڈس کی تعداد 320 ہوجائے گی ۔ میڈیکل کالج کے قیام کے لیے ضرورت کے مطابق بیڈس کی تعداد ، او پی ، آئی پی ، موجود ہونے کی وجہ سے نیشنل میڈیکل کمیشن ( این ایم سی ) نے منظوری دے دی ہے ۔ تانڈور کے نرسنگ کالج کے لیے تعمیر کی گئی عمارتوں کو فی الحال میڈیکل کالج کے لیے استعمال کیا جائے گا ۔2