کوہلی ہمارے تیسرے اوپنر : روہت شرما

   

موہالی۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز سے قبل ہندوستانی کپتان روہت شرما نے تصدیق کی کہ ویراٹ کوہلی ٹیم میں تیسرے اوپنر ہوں گے۔ روہت نے کوہلی کو چند میچوں میں بیٹنگ کا آغاز کرنے کا بھی اشارہ دیا کیونکہ میزبان ٹیم اگلے ماہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آخری مرحلہ شروع کر رہی ہے۔جب ہندوستان نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا تو ایشان کشن تیسرے اوپنر تھے لیکن اس سال کے ورلڈ کپ کے لیے کوہلی کو اب تیسرے اوپنرکے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر جب انہوں نے ایشیا کپ 2022 کے ٹیم کے آخری سوپر فور میچ میں افغانستان کے خلاف200 کے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 61 گیندوں پر12 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 122 رنز بنائے ۔روہت نے کہا ہے کہ میں نے راہول ڈراویڈ بھائی ( ہیڈ کوچ) کے ساتھ بات کی تھی کہ ہمیں ویرات کے ساتھ کچھ میچوں میں اوپننگ کرنی پڑ سکتی ہے کیونکہ وہ ہمارے تیسرے اوپنر ہیں۔ ہم نے دیکھا ہے کہ گزشتہ میچ (افغانستان کے خلاف) اور ہم اس سے خوش ہیں۔ روہت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہم اس مقام کے ساتھ بہت زیادہ تجربہ کرنے جا رہے ہیں۔افغانستان کے میچ میں روہت کو آرام دیا گیا تھا جس کے بعد کوہلی کو کے ایل راہول کے ساتھ اننگزکا آغاز کرنے کے لیے ترقی دی گئی۔ دونوں نے 76 گیندوں پر 119 رنز کا شاندار آغاز کیا، جس میں راہول نے 65 رنز بنائے۔ دوسری طرف کوہلی نے تقریباً تین سالوں میں بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنائی اور ورلڈ کپ سے قبل یہ سنچری اہمیت کی حامل بن چکی ہے ۔