کویتا کامیاب ہوتیں تو ترقی ہوتی : جیون ریڈی

   

Ferty9 Clinic

کانگریس رکن کونسل کے ریمارک سے ہلچل، ٹی آر ایس میں گروپ بندیوں کا الزام

حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل جیون ریڈی نے نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے کویتا کی شکست کے بارے میں دلچسپ ریمارک کرتے ہوئے ٹی آر ایس حلقوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے اگر کویتا کامیاب ہوتیں تو کچھ نہ کچھ ترقیاتی کام ضرور ہوتے۔ ٹی آر ایس قائدین کو دماغ نہیں ہے اگر دماغ ہوتا تو وہ کویتا کو نہیں ہراتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں گروپ بندیوں کے نتیجہ میں کویتا کو شکست ہوئی ہے۔ ان کے ساتھ ناانصافی خود پارٹی قائدین نے کی۔ جیون ریڈی کے اس ریمارکس پر ٹی آر ایس حلقوں میں ہلچل پائی جاتی ہے اور کوئی بھی قائد اس پر تبصرہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات میں نظام آباد حلقہ سے ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کے فرزند ڈی اروند نے بی جے پی کے ٹکٹ پر کویتا کو 68 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے دی۔ لوک سبھا حلقہ نظام آباد کے تحت 7 اسمبلی حلقہ جات میں 5 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی کو سبقت حاصل ہوئی اور صرف 2 حلقوں میں ٹی آر ایس کو اکثریت حاصل ہوئی۔ ٹی آر ایس کے داخلی اختلافات کے نتیجہ میں کویتا کو شکست کا اعتراف خود پارٹی اعلیٰ قیادت کو ہے۔ شکست کے بعد کویتا قیادت اور بالخصوص اپنے والد کے سی آر سے کھل کر ناراضگی کا اظہار کرچکی ہیں۔ نتائج کے بعد سے وہ پارٹی کی سرگرمیوں سے عملاً دور ہوچکی ہیں۔ جیون ریڈی نے چیف منسٹر پر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر چیف منسٹر کو اسکیمات کے بارے میں اپنے موقف کا اظہار کرنا چاہیئے۔