حیدرآباد۔ نظام آباد مجالس مقامی انتخابات کی رائے دہی کے بعد چیف منسٹر کی دختر اور ٹی آر ایس امیدوار کے کویتا نے آج بارگاہ حضرات یوسفین ؒ نامپلی میں حاضری دی۔ انہوں نے انتخابات میں کامیابی کے علاوہ تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعاء کی۔ کویتا کی آمد کے موقع پر درگاہ شریف میں موجود افراد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور انتخابات میں کامیابی کی نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ کویتا نے بصد عقیدت و احترام چادر گُل پیش کی اور کچھ دیر تک خاموش رہتے ہوئے دعا کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ، صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان، صدرنشین ٹی آر ایس میناریٹی سل ایم کے مجیب الدین، سابق صدرنشین سٹ ون عنایت علی باقری، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، سابق صدرنشین اکبر حسین، جنرل سکریٹری ٹی آر ایس اعظم علی، سینئر لیڈر شریف الدین کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔ واضح رہے کہ کے سی آر خاندان کو درگاہ حضرات یوسفین ؒ سے غیر معمولی عقیدت ہے۔ تلنگانہ تحریک کے آغاز کے وقت کے سی آر نے بارگاہ یوسفینؒ میں حاضری کے بعد باقاعدہ مہم کا آغاز کیا تھا۔واضح رہے کہ کونسل انتخابات کے نتائج کا پیر کو اعلان ہوگا۔