کُل ہند صنعتی نمائش آئندہ سال سے کریم نگر میں بھی ہوگی

   

حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کی کُل ہند صنعتی نمائش کی طرح کریم نگر میں صنعتی نمائش کے اہتمام کی تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔ حیدرآباد کی نمائش ملک بھر میں شہرت رکھتی ہے۔ کریم نگر سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے نمائش سوسائٹی حیدرآباد کے عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے حیدرآباد کی طرح کریم نگر میں نمائش کے اہتمام کی خواہش کی۔ نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار کی قیامگاہ پر وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر اور نمائش سوسائٹی کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا۔ 82 سالہ قدیم کُل ہند صنعتی نمائش ہر سال حیدرآباد کے نمائش میدان پر منعقد کی جاتی ہے۔ عوامی نمائندوں کی تجویز پر کریم نگر میں نمائش کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ بی ونود کمار نے کہا کہ کریم نگر نے انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں نمایاں ترقی کی ہے۔ واضح رہے کہ یکم جنوری سے 15 فروری تک نمائش میدان پر صنعتی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے اور حیدرآباد میں اختتام کے بعد کریم نگر منتقلی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نمائش سوسائٹی کے نائب صدر اشون مارگم، سابق نائب صدر پربھا شنکر، سکریٹری سائی ناتھ دیاکر اور رکن نمائش سوسائٹی وی جئے راج موجود تھے۔ر