جموں 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جئیش محمد کے تین عسکریت پسندوں کو جموں و کشمیر کے کٹھوعہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران ایک ٹرک کچھ سامان سے لدا گذر رہا تھا کہ اسے جموں ۔ پٹھان کوٹ ہائی وے پر روکا گیا اور تین عسکریت پسندوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتیا کہ لکھن پور میں کچھ اطلاعات ملنے کے بعد اس ٹرک کو روکا گیا اور تین عسکریت پسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا گیا اس میں اے کے 56 رائفلیں ‘ اے کے 47 رائفلیں ‘ چھ میگزین اور 180 راونڈ اسلحہ وغیرہ شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے قبضہ سے 11,000 روپئے بھی ضبط کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تینوں ہی عسکریت پسندوں کا تعلق کشمیر وادی سے ہے اور جو ٹرک ضبط کیا گیا ہے وہ پلواما میں گلشن آباد کے ساکن سہیل احمد کے نام پر رجسٹر ہے ۔ یہ ٹرک جاوید احمد ڈار نامی شخص ڈرائیو کر رہا تھا ۔ تین ملزمین کی عبیدالاسلام ‘ جہانگیر احمد پرے اور سبیل احمد بابا کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے ۔