کھاد کی ایک بوری 1350 روپئے

   

نئی دہلی: وزیراطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے کہا ہیکہ 50کلوگرام کے ڈی اے پی کھاد کی فی بوری کی قیمت 1350 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مرکزنے کسانوں کی ضرورت کے مطابق پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینی اجلاس میں فصل انشورنس اسکیم کے دائرہ کار کو بڑھانے اور ڈی اے پی کے تھیلے کی قیمت 1350 روپے مقرر کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی۔کسانوں کو سستی قیمتوں پر ڈی اے پی پر سبسڈی کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے یک وقتی خصوصی پیکیج میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور رسد میں رکاوٹ کے باوجود کسانوں کو ڈی اے پی کا 50 کلو کی بوری صرف 1350 روپے میں ملے گی ۔ اس کے اضافی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ حکومت نے کسانوں کو رعایتی، سستی اور مناسب قیمتوں پر ڈی اے پی کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی کابینہ نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کو 2021-22 سے 2025-26 تک 69,515.71 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ جاری رکھنے کی منظوری دی ہے ۔ اس فیصلے سے ملک بھر کے کسانوں کو 2025-26 تک قدرتی آفات سے فصلوں کے خطرے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے نفاذ میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور کلیم کیلکولیشن اور سیٹلمنٹ میں اضافہ ہوگا۔ اس کیلئے مرکزی کابینہ نے 824.77 کروڑ روپے کی رقم سے اختراعی اور ٹیکنالوجی فنڈ کے قیام کو منظوری دی ہے ۔ویشنو نے بتایا کہ نو بڑی ریاستیں یعنی آندھرا پردیش، آسام، ہریانہ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، اڈیشہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کو پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا میں شامل کیا گیا ہے اور دیگر ریاستوں کو بھی تیزی سے شامل کیا جا رہا ہے ۔