کیا کویتا کی گرفتاری قریب ہے؟

   


دہلی کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف 2015ء سی بی آئی فائیلس کو دوبارہ کھولا جارہا ہے

حیدرآباد ۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش معاملہ کے کیس میں تلنگانہ ایس آئی ٹی کی جانب سے بی جے پی نیشنل جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش کو نوٹسیس کی اجرائی کے ساتھ اب یہ اشارے ہیں کہ لکراسکام میں ایم ایل سی، کے کویتا کی گرفتاری قریب ہے اور انہیں عنقریب گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ یہ مرکز۔ ریاست کا جیسے کو تیسا کھیل جیسا معلوم ہوتا ہے۔ ابھیشیک بوئن پلی کی پانچ روزہ تحویل ختم ہونے کے ساتھ، کویتا کو جو مبینہ طور پر ابھیشیک سے قریب ہیں، امکان ہیکہ نوٹسیس جاری کئے جائیں گے اور بعد میں انہیں تحویل میں لیا جائے گا۔ بوئن پلی ابھیشک کو جنوبی ہند میں شراب کے بزنسمین کیلئے مبینہ طور پر لابی بنانے پر اکٹوبر میں سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ کویتا سے قریبی تعلق رکھنے والے سمجھے جانے والے ارون رامچندر پلائی کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا تھا اور جی بچھی بابو سے جمعہ کو پوچھ تاچھ کی گئی۔ ان تمام باتوں سے ایسا معلوم ہوتا ہیکہ آئندہ اقدامات میں ٹی آر ایس کی ایم ایل سی کو شراب اسکام میں ان کے مبینہ رول کیلئے نشانہ بنایا جائے گا۔ ریاست اور مرکز کے درمیان جیسے کو تیسا کھیل شروع ہونے کا ایک اور اشارہ ہے۔ ذرائع نے کہا کہ دہلی کے عہدیدار ’ای ایس آئی اور پی ایف اسکامس‘‘ کی تحقیقات شروع کرنے پر توجہ دے رہے ہیں جس میں مبینہ طور پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ملوث ہیں۔ ای ایس آئی کنسٹرکشن اسکام، جس کی 2015ء میں سی بی آئی کی جانب سے مزید تحقیقات کی گئی تھی، مرکزی ایجنسی میں ہنوز زیرالتواء ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس پرانے کیس کے سلسلہ میں کارروائی کرنے سی بی آئی کیلئے نئی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ ذرائع نے کہا کہ چیف منسٹر کے خلاف شکایتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔