ترواننتا پورم : کیرالہ کے وزیر خزانہ کے این بالاگوپال نے جمعہ کو اسمبلی میں پیش کیے گئے نظرثانی شدہ بجٹ 2021-22 میں بیس ہزار کروڑ روپے کے دوسرے کووڈ پیکیج کا اعلان کیا گیا۔وزیر اعلی پنارائی وجین کی سربراہی میں حکومت کے دوسرے میعاد کا پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے مسٹر بال گوپال نے کہا کہ اس پیکیج میں 2،800 کروڑ روپے صحت کے شعبے میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس پیکیج میں 8،900 کروڑ روپے ایسے افراد کو مالی امداد کے لئے جو کورونا کی دوسری لہر کے دوران اپنی معاش سے محروم ہوگئے اور معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے دیئے گئے قرضوں پر سود سبسڈی کے لئے 8،300 کروڑ روپے شامل ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو مفت حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے شامل کئے گئے ہیں۔ ویکسینیشن سے متعلق آلات کی خریداری کے لئے 500 کروڑ شامل کیا گیا ہے ۔ بال گوپال نے بتایا کہ ریاست میں 150 میٹرک ٹن کی گنجائش والا آکسیجن پلانٹ قائم کیا جائے گا۔