اڈوکی: کیرالہ میں ملاپیریار ڈیم کے اب تک نو گیٹ کھول دیے گئے ہیں اور فی سیکنڈ کے حساب سے تقریباً 7140 فٹ پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔آبگیر علاقوں میں مسلسل بارش کے پیش نظر، منگل کو اڈوکی۔چیروتھونی ڈیم کا ایک اور گیٹ 40 سینٹی میٹر کی بلندی پر کھولا گیا، جس سے 40000 لیٹر پانی فی سیکنڈ چھوڑا جا رہا ہے ۔ملاپیریار ڈیم سے پانی کے بھاری اخراج کی وجہ سے اضافی پانی چھوڑنے کے لیے اڈوکی چیروتھونی ڈیم کا شٹراٹھایا گیا ، جس سے پیریار ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ریاستی آبی وسائل کی وزیر روشی آگسٹین نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پیریار ندی کے کنارے رہنے والے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پانی کی سطح بڑھنے سے ہوشیار رہیں، خاص طور پر رات کے وقت۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نشیبی علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔