کینسر کوئی متعدی بیماری نہیں ، اس تعلق سے بیداری ضروری

,

   

مدھیہ پردیش کے چھترپور میں کینسر ہاسپٹل کا سنگ بنیاد۔ تمباکو، پان مسالہ جیسی اشیاء سے دور رہنے وزیراعظم کی اپیل

گڈھا (چھترپور): کینسر کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے مرکزی حکومت کے مسلسل اقدامات کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کینسر چھوا چھوت کی بیماری نہیں ہے ، بس اس کے بارے میں بیداری کی ضرورت ہے ۔مودی مدھیہ پردیش کے چھتر پور ضلع کے باگیشور دھام میں بنائے جانے والے کینسر ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس دوران ریاست کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، بی جے پی کے ریاستی صدر وشنودت شرما اور باگیشور دھام کے پیٹھادھیشور پنڈت دھیریندر کرشنا شاستری بھی موجود تھے ۔کینسرہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد، مودی نے ایک سرپرست کے طور پر اس دیہی علاقے کے لوگوں میں کینسر کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی متعدی بیماری نہیں ہے ۔ انہوں نے دیہی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر بیڑی، سگریٹ، تمباکو، پان مسالہ اور اس جیسی چیزوں سے پھیلتا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایسی تمام لت سے دور رہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اس سال کے بجٹ میں کینسر سے لڑنے کے لیے کئی اعلانات کیے ہیں۔ اپنے آپ کو کینسر سے بچانے کے لیے آپ کو ہوشیار اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ بیماری کی بروقت تشخیص کو یقینی بنانے کے لیے ، حکومت 30 سال سے زیادہ عمر کے تمام لوگوں کی جانچ کرانے کے لیے ایک مہم چلا رہی ہے ؛ لوگ اس کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مفت علاج کے لیے آیوشمان کارڈ بنوانا چاہیے ۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں جو لوگ آیوشمان کارڈ سے محروم رہ گئے ہیں، ان کے کارڈ جلد از جلد بنائے جائیں۔اسی سلسلے میں گاؤں والوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آیوشمان کارڈ خاندان میں 70 سال سے زیادہ عمر کے سبھی بزرگوں کے لیے مفت بنائے جا رہے ہیں۔ اگر کوئی اس کے لیے پیسے مانگے تو مجھے (خود مودی جی) کو خط لکھیں۔ انہوں نے سنت برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ یہ کارڈ بنوائیں۔