اوٹاوا،4 مارچ (یو این آئی) کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تناؤ میں کمی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکہ اور اسرائیل سمیت تمام ممالک کیلئے لازم ہے کہ وہ عالمی جنگی قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔ مارک کارنی کا مزید کہنا تھا کہ خطے کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے پرامن حل تلاش کرنا اور تحمل کا راستہ اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔ دوسری جانب امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھلوانے کا فیصلہ کرلیا، کہا کہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں کمرشیل جہازوں کے ساتھ امریکی نیوی جائے گی۔ امریکی صد رٹرمپ کا کہنا ہے کہ جہازوں کے انشورنس میں امریکی مالیاتی ادارہ مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز سمیت تمام تجارتی جہازوں کو انشورنس اور گارنٹیز فراہم کی جائیں گی، اقدام کا مقصد خلیج میں جاری کشیدگی کے دوران تجارتی سرگرمیوں کا تحفظ ہے ۔