کے بی آر پارک کے اطراف 6 فلائی اوورس 4 سب ویز کی تجویز

   

ڈیزائن کی تیاری ، 600 کروڑ روپئے کے مصارف کا اندیشہ ، ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ حل ہوگا
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد شہر کے قلب میں واقع ’ کے بی آر پارک ‘ کے اطراف و اکناف 6 نئے فلائی اوور تعمیر کئے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس سڑک پر ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ پیدل چلنے والے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے چار سب ویز تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ گذشتہ 10 سال کے دوران کے بی آر پارک کے اطراف و اکناف ٹریفک مسائل میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹریفک پولیس کے اندازوں کے مطابق اس سڑک پر فی گھنٹہ 40 تا 50 ہزار گاڑیوں کی آمد و رفت ہے ۔ سوائے تعطیلات کے عام دنوں میں زیادہ ٹریفک ہونے کی شکایتیں عام ہیں ۔ جس سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بہ یک اوقات میں چند ٹریفک سنگلز کو عبور کرنے کے لیے 5 منٹ کا وقت درکار ہورہا ہے ۔ اس علاقہ میں وی آئی پیز کی آمد و رفت زیادہ ہوتی ہے ۔ سنٹرل سٹی سے آئی ٹی سٹی تک ٹریفک کے بہت زیادہ مسائل ہیں ۔ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے کے بی آر پارک کے پاس 6 فلائی اوورس تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی جس پر 500 تا 600 کرور روپئے کے اخراجات ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ان فلائی اوورس سے متعلق ڈیزائن بھی تیار کرلیے گئے ہیں ان 6 فلائی اوورس میں چار مقامات پر سب ویز تعمیر کئے جائیں گے ۔ سنی میاکس تا کے بی آر پارک چوراستہ عبور کرنے کے لیے ایک فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز ہے ۔ بسوا تارکم کینسر ہاسپٹل سے کے بی آر چوراستہ تک دوسرا فلائی اوور جوبلی ہلز چیک پوسٹ تا جرنلسٹ کالونی روڈ تک تیسرا فلم نگر بھارتیہ ودیا بھون تا جرنلسٹ کالونی تک چوتھا تاج محل ہوٹل کی طرف ( وی شیپ ) میں پانچواں اور مجسمہ اگراسن مہاراج تا این ٹی آر ٹرسٹ بھون تک چھٹواں فلائی اوور تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ ان تجویز کردہ فلائی اوورس کی تعمیر سے بڑی حد تک ٹریفک مسائل حل ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔۔ 2