منچریال انتخابی مہم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا سوال
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ گریجویٹ ایم ایل سی الیکشن میں کے سی آر ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور کویتا کس کو ووٹ دیں گے؟ منچریال میں کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس ایم ایل سی انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ہے ، ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ بی آر ایس کی تائید کس کے ساتھ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور کویتا کس امیدوار کو ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے ساتھ خفیہ مفاہمت کے تحت بی آر ایس نے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ اندرونی طور پر بی آر ایس کے ووٹ بی جے پی کو منتقل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ماہر تعلیم نریندر ریڈی کو امیدوار بنایا ہے جو گریجویٹ رائے دہندوں کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کمزور کرنے کیلئے کے سی آر مسلسل سازش کر رہے ہیں۔ عوام نے اقتدار سے محروم کرتے ہوئے فارم ہاؤز میں آرام کا مشورہ دیا لیکن وہ کانگریس حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں شکست کے بعد لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس کا مکمل صفایا ہوگیا اور ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔1