حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈیا گڈا بیاریج کی تعمیر میں نقائص کے سلسلہ میں بھوپال پلی ضلع کورٹ کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے سابق چیف منسٹر کے سی آر اور سابق وزیر ہریش راؤ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی ہے۔ کے سی آر اور ہریش راؤ نے بھوپال پلی کورٹ کے احکامات کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی۔ ایم راج لنگا مورتی کی شکایت پر میڈی گڈا بیاریج کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں بھوپال پلی کورٹ نے کے سی آر اور ہریش راؤ کے علاوہ بعض عہدیداروں کو نوٹس جاری کی ہے۔ ہائی کورٹ میں ہریش راؤ اور کے سی آر کے وکلاء نے کہا کہ ضلع کورٹ کو ریویو پٹیشن قبول کرنے کا اختیار نہیں ہے، لہذا مقامی عدالت کی کارروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ہائی کورٹ نے گزشتہ سماعت کے موقع پر ضلع کورٹ کی کارروائی پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے پبلک پراسیکیوٹر اور راج لنگا مورتی کو نوٹس جاری کی تھی۔ ہائی کورٹ میں آج اس معاملہ کی سماعت ہوئی اور راج لنگا مورتی کے وکیل نے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے مہلت دینے کی اپیل کی۔ ہائیکورٹ میں آئندہ سماعت 20 فروری کو مقرر کی ہے۔1