کے سی آر کو بیرون ملک سکونت اختیار کرنے وینکٹ ریڈی کا مشورہ

   

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کے سی آر کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت پر تنقید کرنے کے بجائے ارکان خاندان کے ساتھ کسی اور ملک میں سکونت اختیار کرلیں۔ نلگنڈہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کے سی آر اور اُن کے افراد خاندان غیر ضروری الزام تراشی کے ذریعہ حکومت کے خلاف عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت پر تنقیدوں کے بجائے کے سی آر کو اپنی کمائی ہوئی آمدنی کے ساتھ کسی اور ملک میں سکونت اختیار کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ لوک سبھا چناؤ میں گجویل اور سرسلہ میں بی آر ایس کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کی دوکان بند ہونے کا وقت آچکا ہے۔ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ اپنی پارٹی ختم کرتے ہوئے کسی بیرونی ملک میں سکونت اختیار کرلیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوا ہے جس کا انکشاف حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ تحقیقاتی کمیشن میں ہوگا۔ 1