کے سی آر کی اسمبلی سے غیر حاضری کے خلاف ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست

   

حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے سابق چیف منسٹر اور گجویل کے رکن اسمبلی کے چندرشیکھر راؤ کی اسمبلی اجلاس سے غیر حاضری کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کو سماعت کے لئے قبول کرلیا۔ وجئے پال ریڈی نے مفاد عامہ کی درخواست دائر کرتے ہوئے قائد اپوزیشن کے عہدہ پر فائز ہونے کے باوجود کے سی آر کی اسمبلی اجلاسوں سے غیر حاضری کی شکایت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گذار کے وکیل نے کہاکہ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے کے سی آر کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اسمبلی میں عوامی مسائل کو پیش کریں۔ درخواست گذار نے کہاکہ اسمبلی اجلاس سے مسلسل غیر حاضری پر کے سی آر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کے لئے سکریٹری لیجسلیچر کو ہدایت دی جائے۔ عدالت نے اس طرح کے معاملہ میں عدلیہ کے اختیارات کے بارے میں سوال کیا۔ اسمبلی لیجسلیچر اُمور کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مفاد عامہ کی درخواست کی کوئی قانونی گنجائش نہیں ہے۔ ابتدائی سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت 2 ہفتے کے لئے ملتوی کردی اور کہاکہ مزید مباحث کی سماعت آئندہ کی جائے گی۔ 1