کے سی آر، تلنگانہ کے اُفق پر روشن ستارہ: کویتا

   

چیف منسٹر پر تنقید، بی آر ایس کارکنوں کے تحفظ کیلئے قانونی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے، پارٹی قائدین کا اجلاس
نظام آباد ۔3 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کے کویتا نے بی آر ایس کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنان پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کے اندراج اور ہراسانی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔کویتا نے کہا کہ بی آر ایس کارکنان کے تحفظ کے لئے قانونی ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے جو ایسے مقدمات اور سازشوں کا موثر انداز میں جواب دے گی۔ کویتا نے پرزور انداز میں کہا کہ سوشل میڈیا پر حقائق کو اجاگر کرنا یا حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ اجلاس میں ضلع صدر جگتیال کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ، رکن اسمبلی کورٹلہ ڈاکٹر اے سنجے اور دیگر سینئر قائدین موجود تھے۔ کے کویتا نے کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں بی آر ایس کارکنان کا کردار ناقابل فراموش ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کارکنان سے مخالفین کی سازشوں کا موثر جواب دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ نے غیرمعمولی ترقی کی ہے۔ جسے جھوٹے الزامات یا بے بنیاد بیانات کے ذریعے فراموش اور نظر انداز نہیں جا سکتا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے حالیہ بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کوئی ایسا پودا نہیں ہے جسے اکھاڑا جا سکے بلکہ وہ تلنگانہ کے افق پر ایک روشن ستارہ ہیں جو ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونت ریڈی کے آقا خود تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران بے بس ہو چکے تھے جبکہ کے سی آر نے اپنی قیادت میں ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ اجلاس کے دوران آل انڈیا پدما شالی سنگم کے نمائندوں نے کے کویتا سے ملاقات کی اور ذات پات پر مبنی مردم شماری سے متعلق بی سی کمیشن کو جامع رپورٹ کی پیشکشی پر اظہار تشکر کیا۔ کے کویتا نے اس موقع پر کہا کہ بی آر ایس ہمیشہ پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ رہی ہے اور بی آر ایس عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات روبہ عمل لاتی رہے گی۔