پارٹی آفس کے تعمیری کاموں کا معائنہ،غیر سرکاری تنظیموں سے رابطہ
حیدرآباد۔/12اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو قومی سطح کی پارٹی بی آر ایس کے اعلان کے بعد پہلی مرتبہ نئی دہلی پہنچے ۔ وہاں وہ کافی مصروف ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس کے نئے دفتر کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ وسنت وہار علاقہ میں پارٹی کا نیا دفتر تعمیر کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی اور دیگر قائدین کے ہمراہ وسنت نگر کا دورہ کیا۔ انہوں نے عمارت میں قائدین اور وزیٹرس کے لئے سہولتوں کے بارے میں ضروری ہدایات دیں۔ ارکان پارلیمنٹ جے سنتوش کمار، دامودھر راؤ، روی چندرن اور دیگر قائدین تعمیری کاموں کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ انجینئرنگ اسٹاف سے چیف منسٹر نے معلومات حاصل کیں۔ کے سی آر تقریباً 40 منٹ تک زیر تعمیر عمارت میں موجود رہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد کے سی آر اچانک دہلی پہنچ گئے حالانکہ حیدرآباد سے روانہ ہونے تک دہلی جانے کی اطلاع نہیں دی گئی۔ دہلی میں قیام کے دوران کے سی آر کئی سیاسی قائدین، سابق سیول سرویس عہدیداروں، صحافیوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ دہلی میں بی آر ایس کے باقاعدہ اعلان سے قبل وہ غیر سیاسی تنظیموں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ڈسمبر میں ہونے والے جلسہ عام میں وہ طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے علاقائی جماعتوں سے ربط قائم کرنے کی ذمہ داری ارکان پارلیمنٹ کو دی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ چیف منسٹر ہفتہ تک دہلی میں قیام کریں گے۔ر