سرکاری کاموں میں پیروی اور قرض دلانے کے نام پر دھوکہ دہی
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں دھوکہ دہی کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے دھوکہ باز افراد اب سرکاری افسران کو ڈرانے کیلئے ریاستی وزراء کے ناموں کا استعمال کرنے لگے ہیں ۔ ریاستی کابینہ کی بااثر شخصیت کے ٹی آر کے پرسنل سکریٹری کے نام پر دھوکہ دینے والے دو افراد کو پولیس رچہ کنڈہ نے گرفتار کرلیا۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون نے دو خود ساختہ دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا جو اپنے آپ کو ریاستی وزیر کے ٹی آر کا پرسنل سکریٹری سرینواس ظاہر کررہے تھے۔ ایک ہاسپٹل انتظامیہ کی چوکسی کے سبب یہ انکشاف ہوا اور ایس او ٹی نے 51 سالہ کارتکیہ ساکن گیتا نگر ملکاجگیری اور 44 سالہ فیڈرک ٹائٹلرساکن تارناکہ کوگرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 75 ہزار روپئے نقد رقم اور جعلی لیٹرس کو ضبط کرلیا۔ کارتکیہ پیشہ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور فیڈرک میکانیکل انجینئر ہے۔ دونوں نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے کا آغاز کیا۔ سی اے ہونے کے سبب کارتکیہ بڑی کمپنیوں کو سرکاری قرض کے حصول میں رہنمائی کرتا تھا اور اس کے سبب وہ اکثر سکریٹریٹ جایا کرتا تھا۔ اس دوران اس نے وزراء اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے پرسنل سکریٹریز و پی اے نمبرات حاصل کرلیا اور اس کے ساتھی فیڈرک کو سازش میں شامل کرلیا۔ انہوں نے کستوربا گاندھی ڈگری کالج کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر ایس راجو کو فون کیا اور خود کو کے ٹی آر کا پرسنل سکریٹری سرینواس ظاہر کرتے ہوئے ایک نشست کا مطالبہ کیا اور اس آفیسر کو ہدایت دی کہ ان سے کارتکیہ نامی شخص جو وزیر کا ساتھی ہے رجوع ہوگا جس کے بعد انہوں نے 90 ہزار روپئے خواہشمند سے حاصل کرلئے اور نشست دلائی۔ اسی دوران کالج کے ایڈمنسٹریٹو نے کارتکیہ کو فون کیا اور لڑکے کے طبی اخراجات کے لئے امداد دلانے کی خواہش کی جس پر ان دھوکہ بازوں نے جعلی لیٹر پر تفصیلات درج کی اور یہ جعلی لیٹر چیف منسٹر کے آفس کا بتایا جاتا ہے جس کو انہوں نے تیار کروایا تھا۔ یہ لیٹر لے کر جب راجو ہاسپٹل پہنچا تو وہاں اسے پتہ چلا کہ یہ لیٹر نقلی ہے جس کے بعد انہوں نے مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا اور اسپیشل آپریشن ٹیم نے ان دونوں دھوکہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔