حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جنوری کو تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اس معاملہ کی جانچ کررہا ہے۔ کے ٹی آر کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی یہ دوسری نوٹس ہے۔ پہلی مرتبہ 28 ڈسمبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 جنوری کو تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی۔ کے ٹی آر نے تحقیقات کیلئے حاضر ہونے مزید وقت دینے کی خواہش کی اور بتایا کہ اسی دن ہائی کورٹ کا فیصلہ آئے گا۔ ای میل کے ذریعہ کے ٹی آر نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے مزید وقت مانگا ہے۔ قبل ازیں کے ٹی آر اینٹی کرپشن بیورو کی نوٹس پر کل اے سی بی آفس پہنچے لیکن پولیس نے ایڈوکیٹ کے ساتھ جانے کی اجازت نہیں دی۔ تحقیقات کے دوران ایڈوکیٹ کی موجودگی پر اصرار کرتے ہوئے کے ٹی آر واپس ہوگئے تھے۔1
اینٹی کرپشن بیورو نے مزید ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 جنوری کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں منی لانڈرنگ کے پہلو کی جانچ کررہا ہے۔ کے ٹی آر کو 9 جنوری کو اینٹی کرپشن بیورو اور 16 جنوری کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو پیش ہونا ہے۔ اس سے قبل کے ٹی آر ہائی کورٹ سنگل جج کے فیصلہ کے خلاف ڈیویژن بنچ یا پھر سپریم کورٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں قطعی طور پر فیصلہ نہیں کیا گیا۔1