کے ٹی آر کی امریکہ میں سرمایہکاروں سے ملاقات

   

حیدرآباد/21 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راماراؤ کے دورہ امریکہ کے موقع پر کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ۔ امریکی کمپنی مونڈی ہولڈنگس جو ٹکنالوجی کی بڑی کمپنی ہے اس نے تلنگانہ میں ٹکنالوجی سنٹر آف ایکسلینس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمپنی کے فاؤنڈر چیرمین اور سی ای او پرساد گنڈو موگلو نے کے ٹی آر سے ہیوسٹن میں ملاقات میں یہ اعلان کیا۔ مونڈی ہولڈنگس کارپوریشن دنیا کی بڑی کمپنی ہے جو B2B2C ٹراویل مارکٹ پلیس اینڈ ٹکنالوجی میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ یہ کمپنی کئی اہم اداروں کو ٹکنالوجی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے اور روزانہ 50 ملین سے زائد وزیٹرس سوشیل میڈیا میں کمپنی کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ حیدرآباد میں سنٹر آف ایکسلینس سے تقریباً 2 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ یہ کمپنی 2011 میں آسٹن ٹیکساس میں قائم کی گئی اور امریکہ اور کنیڈا میں 17 آفسیس موجود ہیں۔ کمپنی ہندوستان، تھائی لینڈ اور آئرلینڈ میں سرگرم ہے۔ کے ٹی آر کے ہمراہ پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن اور دیگر موجود تھے۔ر