کے کویتا کو نوٹس یا گرفتاری ؟

   

دہلی شراب اسکام میں سی بی آئی کی سازشی حکمت عملی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : دہلی شراب گھوٹالہ میں سی بی آئی خصوصی حکمت عملی سے کام کررہی ہے ۔ سیاسی انتقام لینے کا پیغام عوام میں پہونچنے سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لیے مرکزی حکومت نے اس طرح کی منصوبہ بندی تیار کی ہے جس سے دونوں تلگو ریاستوں کے قائدین اور ان کے بچے اس بچھائے ہوئے جال میں اس طرح پھنستے جائیں گے کہ ساری کاروائی قانون کے دائرے میں ہوتی نظر آئے گی ۔ اس سارے اسکینڈل کے پیچھے جو دماغ کام کررہا ہے وہ راست طور پر پہلے قائدین کو گرفتار کرنے کے بجائے ان کے آس پاس رہنے والوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کا عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے ۔ دہلی شراب اسکام میں سی بی آئی نے ایک مرتبہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی دختر بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل سے پوچھ تاچھ کرچکی ہے ۔ حالیہ سی بی آئی کی جو کارروائیاں ہوئی ہیں اس کا جائزہ لیا جائے تو اس سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ پھر ایکبار کویتا کو نوٹس دی جائے گی ۔ انہیں پوچھ تاچھ کے لیے حیدرآباد یا دہلی طلب کیا جائے ۔ اس پر غور ہورہا ہے ۔ پہلے سیاسی قائدین کے اطراف و اکناف رہنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔ ان سے متعلق ریمانڈ رپورٹ کو عدلیہ میں پیش کیا جارہا ہے ۔ ان تمام رپورٹس میں ملزمین کے ساتھ مل کر کویتا شراب کا بزنس کرنے کا حوالہ دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ سی بی آئی نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ابھیشک بوئن پلی ، کویتا کے سابق آڈیٹر جی بچی بابو کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ان میں ابھیشک بوئن پلی بھی ماضی میں کویتا کے پی اے کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکا ہے ۔ دہلی شراب اسکام میں ایک گواہ کے طور پر سی بی آئی نے کویتا کو 160 سی اور پی سی کے تحت دسمبر میں نوٹس جاری کیا تھا ۔ دہلی سے پہونچکر سی بی آئی کے عہدیداروں نے بنجارہ ہلز میں کویتا کے گھر پر 7 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی تھی ۔ ضرورت پڑنے پر دوبارہ پوچھ تاچھ کرنے کی بات کہی تھی ۔ مگر ابھی تک پوچھ تاچھ نہیں کی ۔ اس کے بعد دہلی شراب اسکام میں سی بی آئی نے اپنی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کردی ۔ اروبندو کے شرت چندرا ریڈی سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ۔ گذشتہ ہفتہ ہی سی بی آئی کے عہدیداروں نے کویتا کے سابق آڈیٹر بچی بابو کو دہلی طلب کیا ۔ پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کرلیا ۔ تازہ طور پر آندھرا پردیش کے حکمران جماعت وائی ایس آر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایم سرینواس ریڈی کے فرزند ایم راگھوریڈی کو ای ڈی کے عہدیداروں نے جمعہ کو گرفتار کرلیا ۔ جب کہ رکن پارلیمنٹ نے دہلی شراب اسکام سے کوئی تعلق نہ ہونے کا پہلے ہی اعلان کیا ہے تاہم ای ڈی کے عہدیداروں نے تمام شواہد کے ساتھ ان کے فرزند کو گرفتار کیا ہے ۔ راگھوریڈی کے ریمانڈ رپورٹ میں ای ڈی کے عہدیداروں نے کئی سنسنی خیز خلاصہ کیا ہے ۔ جس میں بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کے نام کو بھی شامل کیا ہے ۔ دوسری جانب شراب گھوٹالہ میں ماضی میں داخل کردہ چارج شیٹس میں بھی کویتا کا نام شامل کیا گیا ہے ۔ اس تناظر میں کویتا کا نام پھر ایک بار منظر عام پر آیا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذرائع کے مطابق اس کیس کی تازہ ترین پیشرفت کو دیکھتے ہوئے جلد ہی کویتا کو دوبارہ نوٹس دئیے جانے کے امکانات ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ انہیں اس مرتبہ نوٹس دیتے ہوئے پوچھ تاچھ کے لیے دہلی طلب کیا جائے گا ۔ ماضی میں فراہم کی گئی معلومات ، اس کے بعد ہونے والی گرفتاریوں ، پوچھ تاچھ کے دوران حاصل ہونے والے ثبوتوں کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کی جائیگی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پوچھ تاچھ کے بعد مزید تفتیش کے حصے کے طور پر کویتا کی گرفتاری کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ شراب اسکام کیس میں سلسلہ وار پیشرفت کویتا کے لیے مشکلات بن سکتی ہے ۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات موضوع بحث ہی ہوئی ہے ۔ اتوار کو تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اپنی بہن کویتا سے ملاقات کی ۔ سیاسی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس موقع پر ایم ایل سی کویتا پریشان و فکر مند نظر آرہی تھی ۔۔ ن