جیریکو ( مغربی کنارہ ) 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) فلسطین کے ایک سینئر لیڈر نے کہا ہے کہ گاندھی جی در اصل فلسطینیوں کیلئے اصل حوصلہ ہیں جن کا پیام ساری دنیا میں لاکھوں عوام کو حوصلہ بختشتا رہے گا ۔ گندھی جی کے 150 ویں یوم پیدائش تقاریب کے ایک حصے کے طور پر یہاں منعقدہ ایک سائیکلنگ مقابلہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے تاریخی شہر جیریکو کے گورنر جہاد ابو الاصل نے ہندوستان اور فلسطین کے مابین گہرے تعلقات کا تذکرہ کیا اور حکومت ہند اور ہندوستانی عوام کی جانب سے مختلف شعبوں میں فلسطین کی مدد اور تائید و حمایت پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ابوالاصل نے گاندھی جی نہ صرف فلسطینیوں کیلئے بلکہ ساری دنیا میں امن پسند عوام کیلئے ہمیشہ سے حوصلہ رہے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے مساوات ‘ آزادی ‘ اور ساری انسانیت کیلئے احترام کی وکالت کی تھی اور ان کا جو پیام ہے وہ ساری دنیا میں لاکھوں عوام کو حوصلہ بخشتا رہے گا ۔ جیریکو میونسپلی میں کونسل آف یوتھ اینڈ اسپورٹس کے اشتراک سے راملہ میں ہندوستانی مندوب کے دفتر کی جانب سے اس مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تقریبا 150 افراد نے حصہ لیا تھا ۔
