احمد آباد: سربراہ اے آئی ایم آئی ایم اسد الدین اویسی اسمبلی انتخابات کے لئے گجرات کے دورے پر ہیں۔ اس دوران گزشتہ روز وہ جس ٹرین میں سفر کر رہے تھے، اس پر پتھراؤ کیا گیا۔ اس واقعہ میں اویسی محفوظ رہے لیکن ٹرین کی کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ مجلس کے لیڈر وارث پٹھان نے دعویٰ کیا کہ ٹرین پر سورت سے 20 تا 25 کلومیٹر پہلے پتھراؤ کیا گیا۔وارث نے ٹوئٹ کیا کہ اسد اویسی’’ وندے بھارت‘‘ ٹرین کے ذریعہ احمد آباد سے سورت جا رہے تھے۔ انھوں نے اس واقعہ کے بعد بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی! آپ پتھر برسا لیں، یا آگ کی بارش، یہ حق کی آواز نہ رکی ہے اور نہ رکے گی۔182 رکنی گجرات اسمبلی کے لئے دو مرحلوں میں انتخابات مقرر ہیں۔ پہلے مرحلے میں 89 سیٹوں پر یکم دسمبر کو پولنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 92 سیٹوں پر 5 دسمبر کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔ اس سے قبل اسدالدین اویسی پر یوپی الیکشن کے دوران میرٹھ میں حملہ کیا گیا تھا، جس میں وہ محفوظ رہے۔