گجرات میں مذہب کی بنیاد پر امیدواروں کو ووٹ : بی وی راگھولو

   


مہم کو مذہبی رنگ دینے کا بی جے پی پر الزام، وزیراعظم G-20 کانفرنس میں ناکام

حیدرآباد ۔19 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی پی ایم کے پولیٹ بیورو رکن بی وی راگھولو نے الزام عائد کیا کہ گجرات اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کو بی جے پی نے مذہبی رنگ دے دیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راگھولو نے کہا کہ ترقی کی بنیاد پر ووٹ دینے کی اپیل کرنے کے بجائے گجرات میں امیدوار کے مذہب کو دیکھ کر ووٹ دینے کی صورتحال پیدا کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں بی جے پی کے پاس کامیابی کیلئے کوئی کارنامہ نہیں ہے ، لہذا انتخابی مہم کو مذہبی رنگ دے کر ووٹ بینک مضبوط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 27 برسوں میں بی جے پی نے عوام کیلئے جو کام کئے تھے، ان کی تفصیلات پیش کرنے کے بجائے بی جے پی نے فرقہ وارانہ ایجنڈہ اختیار کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو دراصل گجرات میں شکست کا خوف لاحق ہوچکا ہے ۔ بی وی راگھولو نے G-20 اجلاس میں کامیابیوں سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے دعوے کو مسترد کردیا اور کہا کہ نریندر مودی نے G-20 اجلاس میں ہندوستان کیلئے کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد پوری طرح ناکام ثابت ہوا ہے۔ راگھولو کے مطابق دولتمند ممالک کے لئے سود کی شرح میں اضافہ کرنے میں اجلاس ناکام رہا جس کے نتیجہ میں ترقی پذیر ممالک پر زائد بوجھ عائد ہوگا اور ہندوستان پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے بارے میں نریندر مودی کے دعوے ناقابل بھروسہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ترقی یافتہ ممالک پر دباؤ بنانے میں G-20 اجلاس ناکام ثابت ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کی خارجہ پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ر