گجرات میں موسلا دھار بارش، 14 ہلاک، عام زندگی متاثر

,

   

احمدآباد: گجرات میں اچانک ہونے والی شدید بارش نے ریاست بھر میں معمولات زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ مختلف اضلاع سے موصول اطلاعات کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش سے جڑے مختلف حادثات میں 14 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ بارش سے 26 مویشی بھی ہلاک ہو گئے جس سے کسان طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گرمیوں کے موسم میں ہونے والی اس غیر متوقع بارش نے ریاست میں مانسون جیسے حالات پیدا کر دیے ہیں۔ گجرات کے 168 تعلقوں میں بارش کے اثرات دیکھنے کو ملے ہیں۔ مرنے والوں میں 3 افراد آسمانی بجلی گرنے، 4 درختوں کے نیچے دبنے، 3 عمارت کا حصہ گرنے، 2 ہورڈنگس گرنے اور 2 کرنٹ لگنے کے واقعات میں جان گنوا بیٹھے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں کے دوران مزید بے موسم بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے تحت ریاست کے 75 فیصد سے زائد حصے شدید بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ کئی علاقوں میں یلو اور اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ 15 اضلاع میں ڑالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ریاستی حکومت نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، طوفانی موسم کے دوران محفوظ مقامات پر قیام کریں، اور ہنگامی صورتِ حال میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر سے فوری رابطہ کریں۔