اوڈیشہ کے اضلاع کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاررہنے کی ہدایت
بھوبنیشور :خلیج بنگال میں گردابی طوفان موچا کے شدت اختیار کرنے کا امکان ہے جس کے پیش نظر اڈیشہ حکومت نے 18 ساحلی اور آس پاس کے اضلاع کے کلکٹرس کو کسی بھی حالت کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ یمن نے گردابی طوفان کا نام رکھا ہے جو اس کے شہر کا نام ہے جو بحر احمر کے ساحل پر ہے ۔ دراصل محکمہ موسمیات نے گردابی ہواؤں کا علاقہ بننے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز جنوب مشرقی خلیج بنگال کے اوپر گردابی ہواؤں کا علاقہ تیار ہونے کا امکان ہے۔ اس کے اثر سے اتوار کو اسی علاقہ میں ایک ہلکے دباؤ کا علاقہ بن سکتا ہے۔ طوفان کے پیر کے روز وسط خلیج کی طرف تقریباً شمال کی طرف بڑھتے ہوئے تیز ہواؤں کے ساتھ ایک گردابی طوفان میں بدلنے کا اندیشہ ہے۔ہندوستانی موسمیاتی سائنس محکمہ (آئی ایم ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاتر نے کہا کہ اتوار کو کم دباؤ کا علاقہ بننے کے بعد سسٹم اور دیگر پیمانوں کے ذریعہ اس کی رفتار اور راستہ کی جانکاری فراہم کی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سسٹم کے ذریعہ اس پر مستقل طور سے نگرانی کی جا رہی ہے، لیکن گردابی طوفان کے سلسلے میں کوئی مشورہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بالیشور، بھدرک، جاجپور، کیندرپاڑا، کٹک اور پوری سمیت اڈیشہ کے کئی اضلاع کے لیے آندھی طوفان کے ساتھ بارش کا ’یلو‘ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں ریاستی حکومت نے سبھی اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت جاری کی ہے۔ خصوصی راحت کمشنر ستیہ برت ساہو نے ضلعوں کو کسی بھی حالت سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی صلاح دی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسم پر نظر رکھیں اور طوفان کے دوران محفوظ جگہ پر پناہ لیں، اور شہری علاقوں میں ٹریفک سے متعلق مشوروں پر عمل کریں۔
