میڑچل میں واقعہ کے بعد کشیدگی ۔ شبہ کی بنیاد پر 5 افراد حراست میں لئے گئے
حیدرآباد/2 جنوری ( سیاست نیوز ) گرلز ہاسٹل میں خفیہ کیمروں کی اطلاع کے بعد میڑچل میں کشیدگی پیدا ہوگئی جہاں ایک انجینئرنگ کالج کی طالبات نے رات دیر گئے احتجاج کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میڑچل سی ایم آر انجینئرنگ کالج میں یہ واقعہ پیش آیا چہارشنبہ کی شام طالبات میں یہ بات پھیل گئی کہ گرلز ہاسٹل کے باتھ رومس میں خفیہ کیمرے لگائے گئے اور ان کیمروں کے ذریعہ نہاتے وقت لڑکیوں کی فلمبندی کی جارہی ہے۔ انجینئرنگ کالج گرلز ہاسٹل میں کیمروں کی اطلاع دیکھتے ہی دیکھتے ساری طالبات میں پھیل گئی اور لڑکیاں ہاسٹل کے روبرو جمع ہوگئیں اور زبردست احتجاج کیا۔ لڑکیوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے رات دیر گئے تک احتجاج جاری رکھا۔ انجینئرنگ کالج کی طالبات کی اطلاع کے ساتھ ہی طلبہ تنظیمیں ان کی مدد کیلئے پہونچیں اور انصاف کے نعرہ کو بلند کرتے ہوئے طالبات کے ساتھ احتجاج کیا۔ طالبات کی بڑھتی تعداد اور احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس کی کثیر تعداد کو کالج احاطہ میں تعینات کردیا گیا۔ پولیس عہدیداروں نے لڑکیوں اور ان کے والدین و سرپرستوں سے بات کی۔ لڑکیاں اپنی عصمت کو لاحق خطرہ سے پریشان احتجاج سے ہٹنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھیں۔ انجینئرنگ کی ان طالبات کا کہنا تھا کہ آخر کتنے عرصہ سے ان کی عصمت سے کھلواڑ کیا جارہا ہے اور ان کے ویڈیوز تیار کئے جارہے ہیں ‘ ہاسٹل کے کن مقامات پر خفیہ کیمرے لگائے گئے ہیں۔ طالبات کو خوف ہے کہ وہ کہیں بڑی سازش کا شکار تو نہیں ہوگئیں‘ اور کن بدمعاشوں کے ہاتھ میں ان کے ویڈیوز چلے گئے جو اپنے والدین اور گھر بار کو چھوڑ کر اس روشن مستقبل کیلئے لاکھوں روپئے فیس ادا کرتے ہوئے ہاسٹل میں زیر تعلیم ہیں۔ انجینئرنگ کالج کی طالبات کے ساتھ پیش آئے اس واقعہ کا ویمن کمیشن نے ازخود سخت نوٹ لیا ہے اور پولیس عہدیداروں کو تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔ تاہم پولیس نے انجینئرنگ کالج میں پیش آئے اس واقعہ پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور فوری طور پر چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے جن کا تعلق ہاسٹل کے باورچی خانہ سے بتایا گیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ باورچی خانہ کے ملازم کیمروں کی تنصیب اور ویڈیو گرافی میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے 5 افراد کو حراست میں لیا اور ان کے قبضہ سے سیل فونس کو ضبط کرلیا اور ان سیل فونس کی جانچ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبات کے باتھ رومس سے متصل ہاسٹل ملازمین کا کمرہ ہے۔ میڑچل پولیس نے طالبات کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع