ضلع کلکٹرس اور ایس پیز کے ساتھ جائزہ اجلاس۔ خصوصی کنٹرول روم کا قیام
حیدرآباد 11 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج ضلع کلکٹرس اور سینئر پولیس عہدیداروں سے کہا کہ وہ گروپ 1 پریلمنری امتحانات کے پرسکون انعقاد کیلئے موثر انتظامات کریں۔ یہ امتحان 16 اکٹوبر کو ہونے والا ہے ۔ چیف سکریٹری نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین بی جناردھن ریڈی اور ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی کے ساتھ ضلع کلکٹرس ‘ کمشنران پولیس اور سپرنٹنڈنٹس پولیس کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس منعقد کی اور گروپ 1 پریلمنری امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ ٹیلی کانفرنس کے دوران چیف سکریٹری نے کہا کہ چونکہ 3.8 لاکھ امیدوار اس امتحان میں شرکت کرنے والے ہیں ایسے میں امتحان کے پرسکون انعقاد کو یقینی بنانے موثر انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اسٹرانگ رومس کی نشاندہی کریں اور ان کی سکیوریٹی کے انتظامات بھی کئے جائیں۔ سومیش کمار نے کلکٹرس سے مزید کہا کہ وہ امتحانی مراکز پر انتظامات کیلئے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔ امتحانات کیلئے موثر انتظامات پر نگرانی کیلئے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے دفتر میںایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائیگا ۔ اس بار امتحانات کیلئے پہلی مرتبہ بائیومیٹرک طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے اور چیف سکریٹری نے اس سے امیدواروں کو واقف کروانے کلکٹرس سے کہا کہ وہ نئے طریقہ کار کے تعلق سے میڈیا کے ذریعہ تشہیر کریں۔ امتحانی ہال ٹکٹس کمیشن کی ویب سائیٹ www.tspsc.gov.in سے ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔