گروپ بندیوں اور داخلی اختلافات کو فراموش کرنے میناکشی نٹراجن کا مشورہ

   

گروپ بندیوں اور داخلی اختلافات کو فراموش کرنے میناکشی نٹراجن کا مشورہ
میدک اور ملکاجگری لوک سبھا حلقہ جات کا جائزہ اجلاس، ڈسپلن شکنی ناقابل برداشت : مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس اُمور کی انچارج میناکشی نٹراجن نے قائدین سے کہاکہ وہ گروپ بندیوں اور داخلی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کرنے کی مساعی کریں۔ میناکشی نٹراجن نے قائدین پر واضح کیاکہ ڈسپلن شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر کوئی بھی قائد کھلے عام پارٹی یا حکومت کے خلاف بیان بازی کرتا ہے تو اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اُنھوں نے پارٹی انچارجس سے کہاکہ وہ مقامی قائدین کے ساتھ بہتر تال میل کو برقرار رکھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈسپلن شکنی پر کارروائی میں ایک لمحہ کی تاخیر بھی نہیں کی جائے گی۔ اُنھوں نے حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہونچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ تلنگانہ حکومت نے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے جس سے سماج کے کمزور طبقات کو فائدہ حاصل ہوگا۔ میناکشی نٹراجن نے پارلیمانی سطح کے جائزہ اجلاسوں کا گاندھی بھون میں آج سے آغاز کیا۔ پہلے مرحلہ میں آج میدک اور ملکاجگری لوک سبھا حلقہ جات کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں میناکشی نٹراجن نے سرکاری اسکیمات پر عمل آوری اور پارٹی کی موجودہ صورتحال پر قائدین کی رائے حاصل کی۔ اُنھوں نے قائدین سے کہاکہ مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے ابھی سے متحرک ہوجائیں اور پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنائیں۔ میناکشی نٹراجن نے ڈسپلن کی برقراری کا بھی مشورہ دیا اور کہاکہ ڈسپلن شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ میناکشی نٹراجن نے کہاکہ وہ پارٹی کے کارکنوں کی رائے کا احترام کریں گی اور مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کارکنوں سے ملاقات کریں گی۔ اجلاس میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء دامودر راج نرسمہا، کونڈہ سریکھا، ڈی سریدھر بابو، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ، رکن اسمبلی روہت ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ جگاریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے یہ اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی 14 ماہ کی کارکردگی میں لوک سبھا حلقہ جات کے تحت مکمل کئے گئے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ طبقاتی سروے اور ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر قائدین کی رائے حاصل کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے قائدین اور کارکنوں کو ابھی سے تیاری کرنی ہوگی۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ پارٹی میں قدیم اور نئے قائدین کے درمیان باہمی اشتراک کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ متحدہ طور پر پارٹی کو مستحکم کیا جاسکے۔ مہیش کمار گوڑ نے قائدین کو انتباہ دیا کہ ڈسپلن شکنی کی صورت میں سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پارلیمانی اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس سے مشاورت کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی اور انچارجس کو زیادہ تر وقت عوام کے درمیان گزارنا چاہئے۔ 1