گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری

   

ناموں کی شمولیت کیلئے سیاسی جماعتیں سرگرم، 6 نومبر آخری تاریخ
حیدرآباد: گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے لئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، محبوب نگر اور کھمم ، ورنگل اور نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل کونسل کی دو نشستوں کے انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا آغاز کیا ہے۔ پہلا موقع ہے جب تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنا ووٹ بینک مستحکم کرنے کیلئے فہرست رائے دہندگان میں گریجویٹس کے نام شامل کرانے کی مہم شروع کی ہے۔ ٹی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے سرکاری ملازمین ، ٹیچرس ، لکچررس ، بیروزگار نوجوانوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں فہرست رائے دہندگان میں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ گزشتہ انتخابات میں حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر نشست پر بی جے پی امیدوار رام چندر راؤ نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسری نشست پر ٹی آر ایس کے پی راجیشور ریڈی کامیاب رہے۔ اس مرتبہ ٹی آر ایس اور کانگریس کے علاوہ بی جے پی نے بھی اپنی طاقت جھونک دی ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ برسر اقتدار پارٹی نے ناموں کی شمولیت کے لئے باقاعدہ ایجنٹس مقرر کئے ہیں جو اس کام میں مصروف ہیں۔ بعض علاقوں سے فرضی تعلیمی سرٹیفکٹ کے ساتھ ناموں کی شمولیت کی شکایات ملی ہیں۔ تاہم الیکشن کمیشن نے اس سلسلہ میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ناموں کی شمولیت کا جو طریقہ کار ہے، اس کے مطابق فرضی اور اصلی ڈگری میں فرق کرنے اور ان کی جانچ کا کوئی نظم نہیں ہے جس کے نتیجہ میں کئی جھوٹے ووٹرس پیدا ہوسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کو ڈگری کی جانچ کیلئے میکانزم تشکیل دینا چاہئے اور آج کے آن لائین انفارمیشن ٹکنالوجی کے دور میں ڈگری کی جانچ کوئی مشکل نہیں ہے ۔ کسی بھی یونیورسٹی کی ڈگری کی اصلیت کا پتہ آن لائین چلایا جاسکتا ہے۔ اسی دوران حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور محبوب نگر نشست کیلئے ابھی تک تقریباً 40,000 افراد نے اپنے ناموں کی شمولیت کی درخواست دی ہے ۔ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے مطابق فارم 18 کے تحت درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ تمام اہل امیدوار جو ڈگری کامیاب ہوں، وہ آن لائین یا پھر تحصیلدار یا ڈپٹی کمشنرس بلدیہ کے دفاتر میں شخصی طور پر نام درج کراسکتے ہیں۔ ویب سائیٹ
www.ceotelangana.nic.in

پر درخواستیں پر کی جاسکتی ہیں۔ متعلقہ تحصیلدار کیا مجلس بلدیہ کے ڈپٹی کمشنرس کے دفاتر میں عوام کی سہولت کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ۔